خطے کی مجموعی غیر یقینی صورتحال اور چیلنجز کے باوجود خلیجی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں بڑی پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔
ستمبر کے پہلے 25 روز کے دوران خلیجی سرمایہ کاروں نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں 129 اعشاریہ 8 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اس میں متحدہ عرب امارات کا حصہ 110 ملین ڈالر رہا، جبکہ بحرین نے 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر کے دوران فکسڈ ریٹ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز پر شرح منافع تقریباً 12 اعشاریہ 4 سے 12 اعشاریہ 5 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 203 اعشاریہ 7 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
علاقائی مشکلات کے باوجود پاکستان کا خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ منافع بخش متبادل مارکیٹ کے طور پر ابھرنا اس بات کا غماز ہے کہ اس سے ملک میں غیر ملکی سرمائے کے نئے ذرائع پیدا ہوں گے اور مالیاتی استحکام کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔






