’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت زیرالتوا دوسری قرض قسطوں کے اجرا کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
محکمہ خزانہ اور پھاٹا کے درمیان قسطوں کے اجرا سے متعلق انتظامی مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔ اس کے بعد 8 ہزار 523 مستحقین کی دوسری قرض قسط کی منظوری دے دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق دوسری قرض قسطوں کی ادائیگی کے لیے 6 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ یہ رقم نئی ضمنی گرانٹ کے ذریعے فراہم نہیں کی جائے گی۔ اس کے بجائے پروگرام کے ریوالونگ فنڈ سے ہونے والی وصولیوں سے رقم ادا کی جائے گی۔
حکومت نے اس رقم کے استعمال کی اجازت صرف ایک مرتبہ خصوصی رعایت کے طور پر دی ہے۔ اس کا مقصد ان مستحقین کو دوسری قسط فراہم کرنا ہے جن کی ادائیگیاں انتظامی اور مالی معاملات کے باعث زیرالتوا تھیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پھاٹا نے دوسری قسطوں کے لیے رقم محفوظ رکھے بغیر نئے مستحقین کو پہلی قرض قسطیں جاری کردی تھیں۔ محکمہ خزانہ نے اس معاملے میں مالی منصوبہ بندی کی خامی کی نشاندہی کی۔ ساتھ ہی آئندہ اس طرح کی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق پروگرام کے لیے پہلے فراہم کیے گئے 20 ارب روپے دونوں قرض اقساط کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختص تھے۔ اب منظور کی گئی 6 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ روپے کی رقم سے زیادہ ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس خصوصی اجازت کو مستقبل میں مزید رقم کے مطالبے کی مثال بھی نہیں بنایا جاسکے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ آئندہ قرضوں کا اجرا بینک آف پنجاب کے ساتھ طے شدہ مالی فریم ورک کے مطابق کیا جائے گا۔ اگر مقررہ طریقہ کار سے ہٹ کر کوئی اقدام کرنا ہو تو متعلقہ مجاز فورم سے پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگی۔
’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت قرض کی واپسی بھی جاری ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک قرض اقساط کی مجموعی وصولی 13 ارب 57 کروڑ 80 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ قرض واپسی کے مرحلے میں شامل ایک لاکھ 25 ہزار 734 مستحقین میں سے 98.36 فیصد اپنی ادائیگیاں مقررہ وقت پر کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار 955 مستحقین کی جانب سے ادائیگی میں معمولی تاخیر ہوئی ہے۔ جبکہ 107 کیسز ایسے ہیں جنہیں خصوصی توجہ کی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔ قرضوں کی واپسی کا عمل طے شدہ مالی نظام کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔






