سعودی وزیر توانائی نے واضح کیا ہے کہ تمام تر چیلنجز اور حوثیوں کی جانب سے ایئرپورٹس پر حملوں کے باوجود عالمی منڈی کو تیل کی مستحکم فراہمی جاری رکھنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود نے ریاض میں منعقدہ 17ویں انٹرنیشنل انرجی فورم کی وزارتی بیٹھک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ہر قسم کے حالات میں تیل کی بلاتعطل فراہمی کے اپنے عالمی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر بحران میں یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک قابل اعتماد توانائی فراہم کنندہ ہے۔
وزیر توانائی نے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب کی دور اندیشی کا ثبوت ہے، جو بحیرہ احمر کی ینبع بندرگاہ کے ذریعے عالمی منڈیوں کو تیل فراہم کرنے کا متبادل راستہ فراہم کرتا ہے۔ اس سے خلیجی خطے میں سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود توانائی کے نظام کو محفوظ اور فعال رکھنے میں مدد ملتی ہے۔






