اسلام آباد : فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) اور فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (ایف ڈی ایچ ایل) نے کیپیٹل سمارٹ سٹی، ضلع راولپنڈی میں 2 ہزار کنال اراضی پر جدید رہائشی اسکیم کی تیاری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔
بدھ کو اسلام آباد میں ایف جی ای ایچ اے کے صدر دفتر میں ہونے والی تقریب میں معاہدے کے تحت منصوبہ لینڈ شیئرنگ ماڈل کے تحت تیار کیا جائے گا، جس کا مقصد وفاقی سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کے لیے رہائشی سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے چیف انجینئر سید محمد حسن جبکہ ایف ڈی ایچ ایل کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) محمد ندیم اسلم نے دستخط کیے۔ تقریب میں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


اس موقع پر ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ سرکاری ملازمین کے لیے معیاری اور سستی رہائش کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق نجی شعبے کے اشتراک سے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاکر جدید رہائشی منصوبوں کی ترقی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپیٹل سمارٹ سٹی ایک منصوبہ بند رہائشی آبادی ہے، جہاں تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات، مساجد، پارکس، کھیل کے میدانوں، تجارتی مراکز اور کمیونٹی سینٹرز سمیت شہری زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔ کشادہ سڑکیں، سبزہ زار اور منظم بنیادی ڈھانچہ بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔
ایف جی ای ایچ اے کے ترجمان کے مطابق مجوزہ اسکیم سے راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں وفاقی سرکاری ملازمین کو محفوظ اور جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ تاہم، منصوبے کی تکمیل کی مدت، رہائشی یونٹس کی تعداد اور الاٹمنٹ کے طریقۂ کار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ اتھارٹی اسلام آباد اور کراچی میں متعدد رہائشی منصوبے مکمل کرچکی ہے، جبکہ کئی دیگر منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے سرکاری ملازمین کو محفوظ، معیاری اور سستی رہائش فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ شفافیت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتھارٹی اپنے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور جدید معیار کے مطابق رہائشی سہولیات بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل نے صحافیوں اور میڈیا نمائندوں کی شرکت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔





