پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول الخیر اسکول سسٹم کی چھت گرنے سے 33 بچے اور 2 خواتین اساتذہ جاں بحق ہوگئیں، جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122، پاک فوج اور دیگر امدادی اداروں نے ملبے تلے دبے بچوں اور اسکول کے عملے کو نکالنے کے لیے کارروائیاں کیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینسز اور ڈیزاسٹر ریسکیو گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ زخمی بچوں اور اساتذہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام نے 40 سے زائد زخمی طلبہ اور اساتذہ کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق ابتدائی طور پر 17 بچوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی تصدیق ہوئی۔ جاں بحق بچوں کی عمریں 13 سال تک بتائی گئی ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی دو خواتین اساتذہ کی شناخت 25 سالہ ثمرین اور 27 سالہ مہوش کے نام سے ہوئی ہے۔
نصیراللہ بابر میموریل اسپتال میں بھی ایک جاں بحق بچے کی لاش اور 33 زخمی بچوں کو منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی، جبکہ بعد ازاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 33 بچوں کو فارغ کردیا گیا۔
پاک فوج اور ریسکیو اداروں کا امدادی آپریشن
اسکول کی چھت گرنے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے دیگر ریسکیو اور امدادی اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ملبے میں دبے بچوں اور اسکول کے عملے کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسکول کی عمارت تنگ گلیوں میں واقع ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اسکول مالک حراست میں، مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق متاثرہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
سی سی پی او نے بتایا کہ اسکول کی چھتیں خستہ حالت میں تھیں، جبکہ عمارت تنگ گلیوں میں واقع ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات پیش آئیں۔ ان کے مطابق اسکول میں 110 بچے زیر تعلیم تھے۔
وزیراعظم اور گورنر خیبر پختونخوا کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق بچوں سمیت دیگر افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ گورنر نے متعلقہ حکام سے حادثے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی۔






