کراچی: پاکستان کی سینئر اداکارہ فرح نادر نے شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کی آمدنی اور معاوضوں سے متعلق اہم معلومات شیئر کی ہیں۔
فرح نادر نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جس کے دوران انہوں نے شوبز انڈسٹری، اداکاروں کی آمدنی اور دیگر معاملات پر گفتگو کی۔
میزبان وصی شاہ کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ شوبز سے وابستہ فنکار بعض اوقات عام ملازمت کرنے والے افراد کے مقابلے میں کہیں زیادہ معاوضہ حاصل کرتے ہیں۔
فرح نادر کے مطابق اگر ایک عام شخص ایک ماہ میں ایک لاکھ روپے کماتا ہے تو ایک اداکار تقریباً اتنی رقم 10 دن میں کما سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اور اداکارائیں اس سے کہیں زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک مرکزی اداکار یا اداکارہ باآسانی ایک ڈرامے کے لیے 15 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ حاصل کرسکتا ہے، جبکہ بعض مواقع پر یہ رقم 30 سے 40 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر پروڈیوسرز فنکاروں کو وقت پر معاوضہ ادا کریں تو شوبز ایسا شعبہ ہے جہاں آمدنی خاصی زیادہ ہوسکتی ہے۔
پروگرام کے دوران فرح نادر نے کسی مخصوص اداکار یا اداکارہ کے معاوضے کا نام لے کر ذکر نہیں کیا۔ تاہم پروگرام میں موجود خاتون میزبان نے ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، فیروز خان، احسن خان، اقرا عزیز، سجل علی اور ہانیہ عامر کے نام لیے۔
فرح نادر نے اپنے فنی سفر کا آغاز کلاسک ڈرامے ’خدا کی بستی‘ سے کیا تھا اور وہ کئی دہائیوں سے پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔






