ممبئی: بھارتی اداکار سنجے دت کو بھارت میں امن و اطمینان کی صورتحال پر اظہارِ خیال اور ایک ٹی وی شو میں وزیراعظم کا کردار ادا کرنا مہنگا پڑگیا، مودی حکومت کے حامیوں کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد بالی ووڈ اداکار کو وضاحت جاری کرنا پڑی۔
سنجے دت نے حال ہی میں ایک بھارتی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بھارت میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا اور وہ چاہتے ہیں کہ ماضی کے دن واپس آجائیں۔
پروگرام کے دوران سنجے دت نے وزیراعظم بننے کی پرفارمنس بھی کی، جسے سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی سیاسی حالات سے جوڑ کر دیکھا۔ اس پرفارمنس کے بعد مودی حکومت کے حامیوں کی جانب سے اداکار کو شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
صورتحال بڑھنے کے بعد سنجے دت نے وضاحتی ویڈیو جاری کردی اور واضح کیا کہ پروگرام میں ان کی پرفارمنس اسکرپٹڈ تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ان کا مقصد کسی فرد، برادری یا تنظیم کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا، کسی کی توہین کرنا یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔
سنجے دت کی وضاحت کے باوجود ان کے ٹی وی شو سے متعلق ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر گردش کرتے رہے، جہاں ان کے تبصرے اور وزیراعظم کے کردار پر مختلف آرا سامنے آئیں۔






