مشہور امریکی ٹیلی ویژن سیریز بریکنگ بیڈ میں والٹر وائٹ جونیئر المعروف فلِن کا کردار ادا کرنے والے اداکار آر جے مِٹ 34 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اداکار کے انتقال کی تصدیق ٹیکساس کے شہر براؤنز وِل میں ہوئی۔ ان کی نمائندگی کرنے والی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا، تاہم انتقال کی وجوہات اور حالات سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بریکنگ بیڈ میں والٹر وائٹ کا کردار ادا کرنے والے اداکار برائن کرینسٹن نے اپنے ساتھی اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں آر جے مِٹ کی کمی محسوس ہوگی۔ سیریز میں جیسی پنک مین کا کردار ادا کرنے والے آرون پال نے بھی انہیں یاد کیا اور محبت کا اظہار کیا۔
اداکار ڈین نورس نے بھی آر جے مِٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اداکاراؤں مارلی میٹلِن اور لیا تھامسن سمیت دیگر فنکاروں نے بھی ان کی شخصیت، صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے تعزیتی پیغامات جاری کیے۔
آر جے مِٹ کو 2008 سے 2013 تک نشر ہونے والی مشہور کرائم ڈراما سیریز بریکنگ بیڈ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ انہوں نے اس سیریز کی 56 اقساط میں والٹر وائٹ جونیئر کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ سوئچڈ ایٹ برتھ، ناؤ اپوکلیپس اور دی گارڈینز آف جسٹس سمیت متعدد ٹیلی ویژن پروڈکشنز اور فلموں میں بھی نظر آئے۔
آر جے مِٹ کو تین سال کی عمر میں سیریبرل پالسی کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس کے باوجود انہوں نے اداکاری کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا اور معذور افراد کے حقوق اور تفریحی صنعت میں ان کی بہتر نمائندگی کے لیے بھی کام کیا۔ وہ یونائیٹڈ سیریبرل پالسی اور شرائنرز چلڈرنز کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے، جبکہ مِٹ فاؤنڈیشن کے صدر بھی رہے۔
امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق اداکار کی موت کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ویب سائٹ نے نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے خودکشی کی اطلاع دی، تاہم موت کی وجہ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق آر جے مِٹ نے 2025 میں کینیڈی سواریز کو شادی کی پیشکش کی تھی اور دونوں کی منگنی ہوچکی تھی۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔






