تامل فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار کارتھک سبیش 37 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کارتھک سبیش منگل 20 اکتوبر کو بیماری کے باعث چل بسے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد تامل فلمی حلقوں میں افسوس کی فضا پھیل گئی۔
کارتھک سبیش کے انتقال کے ساتھ ہی ان کے خاندان کو ایک اور بڑے نقصان کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان کے چچا اور معروف موسیقار دیوا بھی ان کی وفات سے صرف تین روز قبل دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔
کارتھک سبیش آنجہانی موسیقار سبیش کے بیٹے تھے۔ ان کے والد موسیقی کی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔ وہ موسیقار مرلی کے ساتھ مل کر مشہور جوڑی ’سبیش، مرلی‘ کا حصہ رہے۔ اسی پس منظر کے باعث کارتھک کا تعلق بھی تامل فلم انڈسٹری سے تھا، جہاں انہوں نے مختلف فلموں میں کام کیا۔
کارتھک سبیش کی مشہور فلمیں
کارتھک سبیش نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران کئی تامل فلموں میں اداکاری کی۔ ان کی فلموں میں ’دھم‘، ’ولّاون‘، ’پٹّاتھو یانائی‘، ’ادھیام این ایچ 4‘، ’برما‘، ’کادھل سولا وندھین‘ اور ’کولیر 100 ڈگری‘ شامل ہیں۔ ان فلموں کے ذریعے انہوں نے تامل سنیما میں اپنی پہچان بنائی۔






