نادرا نے پنشنرز کے لیے اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستمبر تک پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں صرف اس بنیاد پر کسی ریٹائرڈ شخص کی پنشن نہیں روکی جائے گی۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباہت علی کے مطابق حکومت پاکستان پہلے ہی اس معاملے پر فیصلہ کرچکی ہے، جس کے تحت ان پنشنرز کو بھی پنشن کی ادائیگی جاری رہے گی جن کا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ مقررہ مدت تک نادرا سے جاری نہیں ہوسکا۔
بزرگ شہریوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی سہولت کے لیے نادرا متعلقہ اداروں کے تعاون سے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عمل مکمل کررہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پنشنرز کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا اور تصدیقی عمل کو آسان بنانا ہے۔
نادرا حکام کے مطابق اس سہولت سے مختلف سرکاری اداروں سے ریٹائر ہونے والے افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان میں پاک فوج اور دیگر مسلح افواج کے ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ وفاقی اور صوبائی اداروں سے وابستہ پنشنرز بھی شامل ہیں۔
ایسے ادارے جنہوں نے تاحال پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے سلسلے میں نادرا سے رابطہ نہیں کیا، ان سے وابستہ پنشنرز کو بھی محض سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے پنشن سے محروم نہیں کیا جائے گا۔
نادرا کی وضاحت سے ان پنشنرز کی تشویش دور ہوگئی ہے جو ستمبر میں سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کے باعث اپنی پنشن رکنے کے خدشے کا شکار تھے۔ ادارے کے مطابق بزرگ افراد کے لیے طریقہ کار کو آسان بنانا اور انہیں بروقت سہولت فراہم کرنا ترجیح ہے۔






