پاکستانی شہریوں کے لیے جرمنی میں روزگار کے مختلف مواقع دستیاب ہیں، جہاں ہنرمند اور اہل افراد سرکاری Make it in Germany پورٹل کے ذریعے ملازمتوں سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق پاکستانی شہری جرمنی میں دستیاب ملازمتوں کی تفصیلات دیکھنے کے لیے جرمن حکومت کے Make it in Germany پورٹل سے رجوع کرسکتے ہیں۔
پورٹل پر مختلف شعبوں سے متعلق ملازمتوں کی معلومات دستیاب ہیں اور ایسے ادارے بھی موجود ہیں جو بیرون ملک سے موزوں امیدواروں کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
جرمنی میں روزگار کے مواقع میں آئی ٹی، انجینئرنگ، نرسنگ، میڈیکل، سائنس اور مختلف ہنرمند شعبے شامل ہیں۔ امیدوار اپنی قابلیت اور تجربے کے مطابق دستیاب آسامیوں کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
روزگار کے لیے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کو اپنی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے اور متعلقہ شعبے کی ضروریات پوری کرنا ہوں گی۔ اس کے ساتھ جرمنی کے ورک ویزا سے متعلق شرائط بھی مکمل کرنا ضروری ہیں۔
جرمن حکومت کے مطابق اہل اور ہنرمند افراد کے لیے جرمنی جانے کے مختلف ورک ویزا راستے موجود ہیں۔ بعض ملازمتوں کے لیے جرمنی روانگی سے قبل ملازمت کا معاہدہ حاصل کرنا بھی ضروری ہوسکتا ہے۔
پاکستان میں جرمن مشن کے مطابق سرکاری Make it in Germany پورٹل سے جرمنی میں ملازمت کے مواقع کے ساتھ ویزا اور تعلیمی اسناد کی منظوری سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی بھی درخواست سے قبل اپنی قابلیت، تجربے اور ویزا اہلیت سے متعلق شرائط کا جائزہ لیں اور ملازمت کے لیے سرکاری ذرائع کو ترجیح دیں۔






