نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ ستمبر کے دوران جن پنشنرز کے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوسکے، صرف اس وجہ سے ان کی پنشن بند نہیں کی جائے گی۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شہاب علی نے اس حوالے سے پنشنرز کے خدشات دور کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جس کے تحت نادرا سے ستمبر تک پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے پر پنشن کی ادائیگی روک دی جائے۔
نادرا متعلقہ اداروں کے تعاون سے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خاص طور پر بزرگ پنشنرز کے لیے یہ عمل آسان بنانا ہے۔ عمر رسیدہ افراد کو بار بار مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، اس لیے نادرا کے ذریعے سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
نادرا حکام کے مطابق اگر کسی پنشنر کا سرٹیفکیٹ ستمبر میں جاری نہیں ہوسکا تو اسے پنشن بند ہونے کی وجہ نہیں بنایا جائے گا۔ پنشن کی ادائیگی صرف اس بنیاد پر نہیں روکی جائے گی کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ نادرا کے ذریعے مقررہ مدت تک جاری نہیں ہوسکا۔
یہ وضاحت مسلح افواج کے ریٹائرڈ ملازمین پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں کے پنشنرز بھی اس فیصلے میں شامل ہیں۔ ایسے اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین بھی متاثر نہیں ہوں گے جنہوں نے ابھی تک پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے نادرا کے ساتھ انتظامات مکمل نہیں کیے۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر نے کہا کہ کسی بھی ادارے کے ریٹائرڈ ملازم کی پنشن صرف اس بنیاد پر بند نہیں کی جائے گی کہ نادرا کی جانب سے اس کا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوسکا۔






