محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے، افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔
اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس کے کے دوران عالمی و علاقائی صورتحال، امن مشنز اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے۔ افغانستان میں 25 دہشت گرد تنظیمیں کام کر رہی ہیں، جو عالمی امن کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے اس خطرناک ناسور سے مل کر نمٹنا ہوگا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا اور امن مشنز کے دوران پاکستان نے اپنی 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے اعتراف کیا کہ امن مشنز میں پاکستان کا کردار ہمیشہ سے انتہائی نمایاں رہا ہے اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات اور قربانیاں پوری طرح قابل ستائش ہیں۔
انتونیو گوتریس نے اس موقع پر قدرتی آفات اور مشکل وقت میں پاکستان کو ملنے والی امداد پر بھی بات چیت کی، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام امدادی اقدامات پر ان سے خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔






