خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
عزم استحکام ویژن کے تحت خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بھرپور اور موثر کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیابی سے آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران فورسز نے 7 خارجيوں کو ہلاک کر دیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عزم استحکام ویژن کے تحت کی جانے والی ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد خفیہ ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیئے گئے ہیں تاکہ علاقے میں امن و امان کی فضا کو مکمل طور پر بحال رکھا جا سکے۔






