پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدوم پیر عارف زمان قریشی انتقال کرگئے۔
ان کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم پیر عارف زمان قریشی پارٹی کے وفادار ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کا تعلق ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے ادوار سے رہا اور انہوں نے پارٹی کے ساتھ طویل سیاسی وابستگی برقرار رکھی۔
مخدوم پیر عارف زمان قریشی کا تعلق ضلع خانیوال، خصوصاً میاں چنوں کے علاقے سے تھا۔ وہ سابق رکن صوبائی اسمبلی رہنے کے علاوہ ضلع خانیوال کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔
پیپلز پارٹی کی رہنماؤں شازیہ مری، پلوشہ خان اور دیگر پارٹی شخصیات نے بھی ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔






