افغانستان سے پاکستان کے اندر جاری سرحد پار دہشت گردانہ کارروائیوں کا ایک اور ناقابل تردید اور واضح ثبوت منظر عام پر آیا ہے، ہلاک افغان خارجی کے لیے افغانستان میں تعزیتی تقریب منعقد کی گئی۔
افغان میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے خارجی افغان دہشت گرد صفت اللہ کی یاد میں افغانستان کی سرزمین پر ایک باقاعدہ تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
افغان میڈیا کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے مکروہ اور خونریز عمل میں ملوث اس ہلاک شدہ خارجی دہشت گرد کو افغانستان میں ہیرو کمانڈر کا لقب بھی دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہلاک افغان خارجی دہشت گرد کی اس تعزیتی تقریب میں فتنہ الخوارج کے پرچم اور نعروں والے پوسٹرز کھلم کھلا آویزاں کیے گئے تھے۔
اس سے ثابت ہوتا ہے کہ افغان طالبان رجیم پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک میں دہشت گردوں کی مکمل سرپرستی اور پشت پناہی کر رہی ہے۔ دہشت گرد عناصر کی کھلے عام تعزیتی تقریبات کا انعقاد اور فتنہ الخوارج کے پرچموں کی نمائش افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے درپردہ گٹھ جوڑ اور سرپرستی کا ایک شفاف اور روشن ثبوت ہے۔






