خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں خوارج کی ناگہانی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس افسر اور اہلکار کی سرکاری اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
ضلع کرک کے علاقے نیو کڑپہ میں خوارج کی بزدلانہ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کے ایس ایچ او داؤد خان اور پولیس اہلکار فرہاد جام شہادت نوش کر گئے تھے۔
شہید ہونے والے دونوں پولیس افسران کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ پولیس افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے شہداء کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی گئی اور ان پر پھول چڑھائے گئے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد دونوں شہداء کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری اعزاز اور احترام کے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا یا صوبائی حکومت کا کوئی بھی نمائندہ شہداء کی اس نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوا، جس سے یہ تاثر عام ہو رہا ہے کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں پولیس اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر مکمل طور پر اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔






