وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا سے منسوب حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیراعظم نے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والی پرتشدد کارروائیاں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملے علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب، اس کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دیرینہ وابستگی موجود ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو اہمیت دیتا ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ، عالمی قانون کی پاسداری اور خطے میں امن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملے علاقائی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔






