خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ کرنے اور صوبے میں گورنر راج کے معاملے پر اہم پیش رفت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ہنگامی حالت کے ممکنہ نفاذ سے متعلق ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ان میں سابق قبائلی علاقوں کے 7 اضلاع سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں، جبکہ اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر 8 قبائلی اضلاع کا ذکر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے، ان میں کرم، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر اور اورکزئی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ان 12 اضلاع کے لیے فاٹا کونسل تشکیل دینے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کونسل کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے، جبکہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
مجوزہ کونسل میں ہر ضلع سے 4 مقامی افراد کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کونسل کی ذمہ داریوں میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورت حال اور دیگر انتظامی معاملات کی نگرانی شامل ہوگی۔






