پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں ممکنہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے معاملے پر وفاقی حکومت کے کسی بھی اقدام کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیئے کارکنوں کو پشاور پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔
خیبر پختونخوا میں ممکنہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کا مشترکہ اجلاس میں وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات سے متعلق صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اقدام کی صورت میں پاکستان تحریک انصاف اس کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ پارٹی اس مقصد کے لیے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاقی حکومت کے کسی بھی ایسے اقدام کو روکنے کے لیے دستیاب قانونی اور آئینی اختیارات استعمال کرے گی، جسے وہ صوبے کے جمہوری مینڈیٹ اور آئینی حقوق کے خلاف سمجھتی ہے۔
اسی دوران پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کارکنوں کو صوابی کے بجائے پشاور پہنچنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے ارکان کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کارکنوں کو پشاور لانے کے لیے اقدامات کرنے کا کہا گیا۔






