گورنر خیبر پختونخوا نے صدارتی فرمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے صوبے کے عوام سے امن، قانون کی پاسداری اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام صدارتی فرمان کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتے ہیں، کیونکہ صوبے کے شہری علاقے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے اب حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ بلکل نہیں دیں گے۔ عوام اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
گورنر نے مزید کہا کہ صوبے کے لوگ انتشار اور بدامنی کے بجائے ایک پرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ وہ دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ مشترکہ کوششوں سے صوبے میں ترقی کا دور شروع ہو سکے۔
فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ عوام جمہوری اقدار کا فروغ چاہتے ہیں اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ترقی کے ثمرات بلا تفریق عام شہری تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے لوگ بنیادی طور پر امن پسند ہیں اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا پرتشدد کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔
گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے اور قانون اپنے ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






