کراچی میں سیکورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائیوں میں کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بم اور دستی بم برآمد کر لیے گئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور وفاقی حساس ادارے نے کراچی کے مختلف علاقوں میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لسبیلہ چوک بس اسٹاپ کے قریب کی گئی پہلی کارروائی میں کالعدم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان ساجد یوسف اور شوکت علی عرف شوکی کو گرفتار کیا گیا۔
ان کے قبضے سے 2 دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ یہ ملزمان اپنے کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اور ٹارگٹ کلنگ سمیت ایف سی کی گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
دوسری کارروائی پرانی سبزی منڈی کے قریب کی گئی، جہاں کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم داد محمد عرف عادل کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم افغانستان میں عسکری تربیت حاصل کر چکا ہے۔ ملزمان شہر میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر و گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں 3 مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ کامیاب کارروائی کرنے والے اہلکاروں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔






