خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف بطور احتجاج ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل الیاس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے لیے خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل الیاس نے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف بطورِ احتجاج پیش کیا ہے۔
شاہ فیصل الیاس نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ایمرجنسی جیسے غیر معمولی اقدامات کی آئینی و قانونی حیثیت پر شدید سوالات اٹھتے ہیں اور ان اقدامات کو صوبائی خودمختاری کو مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری عہدے پر برقرار رہنا ان کے آئینی موقف اور پیشہ ورانہ اصولوں کے منافی ہوگا، اس لیے آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی کا تقاضا ہے کہ وہ عہدہ چھوڑ دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے استعفے کو متنازع اقدامات کی قبولیت نہ سمجھا جائے بلکہ اسے صریحاً آئینی بنیادوں پر احتجاجاً منظور کیا جائے۔






