انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ سے مبینہ فراڈ اور خودکشی کے کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے ملزم نعمان کو 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کے مبینہ فراڈ کے بعد خودکشی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تھانہ رمنا پولیس نے گرفتار ملزم نعمان کو چہرہ ڈھانپ کر جوڈیشل مجسٹریٹ زنیرہ ظفر کی عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کے 10 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کے تمام حقائق اور واقعات کی مکمل جانچ انتہائی ضروری ہے۔
تفتیشی نے کہا کہ دستیاب شواہد اور ابتدائی تفتیش کی روشنی میں مزید تفتیش مطلوب ہے تاکہ وقوعہ میں ملزم کے مبینہ کردار کا تعین کیا جا سکے اور شواہد کی تصدیق کی جا سکے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم سے متعلقہ اشیاء اور دیگر ممکنہ شہادتیں برآمد کرنی ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کا 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر کے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔






