کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سوزوکی وین اور ٹرک کے درمیان ہونے والے خوفناک حادثے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے مقام پر بدرنگ کے پاس ایک تیز رفتار سوزوکی وین اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرک میں شدید تصادم ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ وین کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار مسافر اندر پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
حادثے کے نتیجے میں وین میں سوار ایک خاتون سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ خواتین سمیت 5 مسافر شدید زخمی ہوئے۔
تمام جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلات سے ہے۔






