راولپنڈی، 13 اکتوبر 2026: پاک فوج نے فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج (ER) ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایویانکس سے لیس ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل بلند درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی منفرد پرواز کی سمت اور راستے میں تبدیلی کی صلاحیت اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو عبور کرنے کے قابل بناتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 کے توسیع شدہ رینج ورژن سے پاک فوج کی آپریشنل پہنچ میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی بہتر ہوگی۔
میزائل کا تجربہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے کمانڈر، پاک فوج کے سینئر افسران اور پاکستانی سائنس دانوں و انجینئرز نے دیکھا۔ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کی محنت، لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور جدید میزائل ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔






