بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا، جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 12 اور 13 اکتوبر 2026 کی درمیانی شب ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کا ہدف بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد تھے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے مقام سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔
علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگانے اور ان کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمت عملی عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم کا مقصد ملک میں بیرونی سرپرستی اور حمایت سے ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔






