پشاور کے علاقے یکہ توت، حافظ آباد میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 11 کلو وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا، جس سے ممکنہ بڑے سانحے کا خطرہ ٹل گیا۔
پولیس کے مطابق ایک بند مکان میں تعمیراتی کام کے لیے داخل ہونے پر مشکوک پریشر ککر نظر آیا، جس پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ماہر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مشکوک شے کا معائنہ کیا اور اسے ناکارہ بنا دیا۔
پولیس حکام کے مطابق مکان تقریباً پانچ سے چھ ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا کو مقدمہ درج کرنے کی غرض سے مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور بی ڈی ایس کی کارروائی سے گنجان آباد علاقے کو ممکنہ بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔
آئی جی کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ بم کی موجودگی اور اس کے پیچھے ممکنہ عناصر کا تعین کیا جاسکے۔






