بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران دو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والے افراد کوئٹہ۔تفتان شاہراہ پر مسافروں کو ہراساں کرنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد شاہراہ پر تجارتی گاڑیوں اور مسافر بسوں کو نذرِ آتش کرکے نقل و حرکت میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے میں بھی ملوث رہے تھے۔
کوئٹہ۔تفتان شاہراہ بلوچستان میں آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے اہم راستہ ہے۔ اس شاہراہ پر مسافروں اور تجارتی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات نہ صرف شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بنتے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں اور سامان کی ترسیل کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔






