پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کے سلسلے میں پہلی مشترکہ فوجی مشق ’’قراقرم 2026‘‘ چین کے صوبے سنکیانگ میں شروع ہوگئی ہے۔
مشق کی افتتاحی تقریب سنکیانگ کے شہر کورلا میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی افواج کی جانب سے انسداد دہشت گردی اور مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔
مشترکہ فوجی مشق میں ڈرون آپریشنز، دورانِ حرکت اہداف کی تلاش اور فائرنگ کی خصوصی تربیت شامل ہے۔ اس کے علاوہ طویل فاصلے سے نشانہ بازی، مشترکہ کمانڈ اور عملی جنگی مشقیں بھی تربیتی پروگرام کا حصہ ہیں۔
مشق کے دوران پاکستان اور چین کی افواج کو انسداد دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے کا موقع مل رہا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے چینی ہتھیاروں کا بھی مشاہدہ کیا، جس سے دونوں ممالک کے فوجی نظام اور عملی طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
قراقرم 2026 کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانا اور دونوں افواج کے درمیان عملی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔ مشترکہ تربیت کے ذریعے اہلکاروں کو مختلف آپریشنل حالات میں رابطہ کاری، اہداف کی شناخت اور مربوط کارروائیوں کی مشق کا موقع ملتا ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعلقات دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم حصہ ہیں۔ مشترکہ فوجی مشقوں کو تربیتی تجربات کے تبادلے اور سکیورٹی تعاون میں بہتری کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔






