وزیراعلیٰ سندھ نے شہدائے کارساز کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لازوال قربانیوں نے ملک میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شہدائے کارساز کی یاد میں جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن ملکی تاریخ میں جمہوریت کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے تاریخی استقبال کے لیے آنے والے نہتے جیالوں پر حملہ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی تھا، لیکن سانحہ کارساز کے شہداء نے اپنے خون سے شجاعت اور بہادری کی نئی داستان رقم کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دھماکوں کے باوجود جیالوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کے مشن پر مکمل طور پر کاربند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہداء کے اس جمہوری سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ سانحہ کارساز کا غم آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں تازہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ کارساز کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔






