خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے، جدید ہتھیاروں کی خریداری اور سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کی فراہمی کے لیے تجاویز کا ڈرافٹ گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کر دیا گیا۔
خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ان کے درپیش مسائل کے حل کے لیے تیار کیا گیا ڈرافٹ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
ڈرافٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ 3 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف پہلی لائن پر برسرپیکار ہے، لیکن اس کے باوجود ان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں کافی کم ہیں۔
ڈرافٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ آباد اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 100 فیصد اور ہزارہ ریجن کے اہلکاروں کو 75 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دیا جائے۔
پولیس کی آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کے لیے تجاویز میں کہا گیا ہے کہ تکنیکی اپ گریڈیشن اور آلات کی خریداری کے لیے مختص فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں۔
ڈرافٹ اور سمری کے مطابق پولیس کے لیے بلٹ پروف جیکٹس، بیلسٹک ہیلمٹس، ڈرونز، تھرمل ویپن سائٹس، نائٹ ویژن دوربینیں، اینٹی ڈرون گنز، آرمڈ پرسنل کیریئرز اور سنگل و ڈبل کیبن پک اپس خریدی جائیں گی۔
اس کے علاوہ 19 جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 ارب 64 کروڑ روپے، تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے 2 ارب 74 کروڑ 70 لاکھ روپے اور اے آئی پی اسکیموں کے لیے 4 ارب 84 کروڑ 10 لاکھ روپے کے فنڈز فوراً جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔






