سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کیں۔
کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں سڑک بند کر کے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
اسی طرح نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مکمل صفایا کر دیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے خضدار میں بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا اور وہاں قائم ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کر کے بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ملک میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔






