وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں 30 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیے گئے جدید ترین دانش اسکول کا افتتاح کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کیا، جہاں انہیں اسکول کی تعمیر اور تعلیمی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ اسکول 30 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں ششم، ہفتم اور ہشتم کی کلاسز شروع کر دی گئی ہیں۔ ہر کلاس میں 120 بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں اور مختلف علاقوں سے 360 ہونہار بچوں کو 100 فیصد میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا گیا ہے۔
اسکول کے لیے 38 اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے، جن میں 3 دانش اسکول کے سابق طالب علم بھی شامل ہیں، جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ بلاکس بنائے گئے ہیں، بلاکس میں 24 کلاس رومز، آئی ٹی، سائنس، روبوٹکس لیبز، ای لائبریری اور آرٹ رومز قائم کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ آج وزیراعظم کے بجائے ایک حقیقی خادم کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب اور محنت کش والدین کے بچوں کے پاس مالی وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم اور صحت کے اخراجات پورے نہیں ہو پاتے، اسی لیے دانش اسکولز کا تصور محروم طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع دینے کے لیے متعارف کروایا گیا تھا۔
وزیراعظم نے بہاولپور کی ایک ہونہار بچی کی مثال دی، جو دانش اسکول سے پڑھ کر آج ڈاکٹر بن چکی ہے اور خیبر پختونخوا کی ایک بچی کی غیر متزلزل عزم کی داستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں اپنی اور ملک کی تقدیر بدلنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔





