بلوچستان کے ضلع مستونگ سے گزشتہ دنوں اغوا کیے گئے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکار سیکیورٹی فورسز کے ایک خصوصی آپریشن کے نتیجے میں بحفاظت بازیاب کر لیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مستونگ کے قریب مسافر وین میں سفر کے دوران مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب اور خصوصی آپریشن کے بعد بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
یہ پولیس اہلکار قلات پولیس ٹریننگ سینٹر سے تربیت مکمل کر کے اپنے اپنے علاقوں کو جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے انہیں اغوا کر لیا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور اغوا کاروں کے چنگل سے تمام اہلکاروں کو بغیر کسی جانی نقصان کے بحفاظت نکال لیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تمام بازیاب اہلکار مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انہیں جلد ان کے اہل خانہ کے پاس پہنچا دیا جائے گا۔






