ملتان کے بوسن روڈ پر رات گئے ایک تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے 5 دوست موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
شجاع آباد سے ملتان جانے والے 5 دوستوں کی گاڑی بوسن روڈ پر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کے بیچ قائم ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار پانچوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق شجاع آباد سے ہے، جن میں جلال پور کھاکھی کے رہائشی دو سگے بھائی عبد الوہاب اور دانیال، بستی خوجہ کا رہائشی مزمل، اور ملتانی گیٹ کا رہائشی یاسر شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا، جہاں سے قانونی کارروائی کے بعد تمام لاشیں شجاع آباد منتقل کرنے کے انتظامات کیے گئے۔ ملتانی گیٹ کے رہائشی محمد یاسر کی لاش جیسے ہی ان کے گھر پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔






