اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود میں غیر ملکی کے گھر 20 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ تھانہ کوہسار کی حدود میں گزشتہ روز ایک غیر ملکی شہری کے گھر میں 20 لاکھ روپے کی سنگین ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث 4 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔
گرفتار کیے گئے چاروں اہلکار اسلام آباد پولیس کے مختلف زونز میں تعینات تھے اور ان کے قبضے سے مسروقہ 20 لاکھ روپے مکمل طور پر برآمد کر لیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران شہر میں ہونے والی 4 مختلف وارداتوں میں پولیس اہلکار ملوث پائے گئے ہیں۔
اس سے قبل تھانہ سنبھل اور تھانہ رمنہ کی حدود میں غیر ملکیوں کے گھروں پر ہونے والی ڈکیتیوں میں بھی اسلام آباد پولیس کے اہلکار ملوث تھے۔






