بلوچستان کے علاقے پسنی میں دفاعِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید کو ان کے آبائی شہر لاہور میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
گوادر کے علاقے پسنی میں 18 اکتوبر کو سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید کی نمازِ جنازہ بحریہ ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی۔
شہید کی نمازِ جنازہ مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ پڑھائی گئی، جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم میں لپٹے ان کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر پنجاب، کور کمانڈر لاہور، سینئر صوبائی وزراء، سول و ملٹری افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
میجر وجاہت وحید شہید نے وطن کی دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کے پسماندگان میں ان کی والدہ، بیوہ اور ایک معصوم بیٹی شامل ہیں۔






