قومی احتساب بیورو نے سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران 9 ہزار ارب روپے سے زائد کے سرکاری اور قومی اثاثے بازیاب کرا لیے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سرکاری اثاثوں کے تحفظ اور کرپشن سے پاک پاکستان کی جانب بڑا اقدام سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیسری سہ ماہی کے دوران نیب کی ریکوری میں پہلی دو سہ ماہیوں کی مجموعی ریکوری کے مقابلے میں 169 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس عرصے میں کل 9 ہزار 180 ارب روپے کے اثاثے حاصل کیے گئے ہیں۔
اس سہ ماہی میں نیب نے کرپشن اور فراڈ سے متاثر ہونے والے 4 ہزار 280 افراد کو 90 کروڑ روپے کی رقم بھی واپس دلائی ہے۔
مزید برآں، نیب اور پاکستان ریلوے کی مشترکہ ٹاسک فورسز کے قیام کے بعد 6 ہزار 780 ارب روپے مالیت کی 2 لاکھ 35 ہزار کنال اراضی کامیابی سے واگزار کرائی گئی ہے۔
صوبائی سطح پر نیب سکھر، ملتان، لاہور، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف ریجنز میں مجموعی طور پر 7 ہزار 598 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے سال 2026ء کے دوران اب تک مجموعی طور پر 14 ہزار 600 ارب روپے مالیت کے سرکاری اور قومی اثاثے کامیابی سے بازیاب کرائے ہیں۔






