ملتان میں 15 سالہ معصوم بچے کو گاڑی کے نیچے کچل کر شہید کرنے والا ملزم سی سی ڈی بہاولپور کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق 15 سالہ معصوم یتیم بچے وسیم عباس کو اپنی گاڑی کے نیچے کچل کر شہید کرنے والا ملزم توقیر نذیر بہاولپور کے علاقے میں سی سی ڈی پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ملزم توقیر گزشتہ رات سی سی ڈی ملتان کی حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ فرار ملزم کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کی گئی تھی۔
اسی دوران سی سی ڈی سٹی بہاولپور کی ٹیم نے موٹر سائیکل پر سوار 2 مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا۔ موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کے بجائے سی سی ڈی کی ٹیم پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جانب سے اپنے دفاع میں کی گئی جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
بعد ازاں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناختی دستاویزات سے معلوم ہوا کہ وہ وہی فرار ملزم توقیر نذیر تھا، جو بچے کی شہادت میں ملوث تھا۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں فرار ہونے والے دوسرے ملزم کا تعاقب کر رہی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔






