پاکستان میں ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگ نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تعاون کے مختلف امکانات اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد کی بطور دارالحکومت اہمیت اجاگر کرتے ہوئے شہر کو جدید، خوبصورت، کھیلوں کے فروغ کا مرکز، سیاح دوست اور ماحول دوست دارالحکومت بنانے کے وژن سے آگاہ کیا۔
سہیل اشرف نے ناروے کے سفیر کو شہری ترقی، ماحولیاتی تحفظ، مختلف سیکٹرز کی ترقی، کھیلوں اور سیاحت کی سہولیات میں اضافے سمیت ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اسلام آباد میں بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ شہر کو جدید، ترقی یافتہ اور ماحول دوست مثالی دارالحکومت بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں شہر کی خوبصورتی میں اضافے، شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ، شہری ترقی اور کھیلوں و سیاحت کے فروغ سمیت باہمی تعاون کے مختلف امور بھی زیر بحث آئے۔
ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگ نے اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سی ڈی اے کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر روابط مزید مستحکم بنانے اور مستقبل میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جو پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ تعلقات، خیرسگالی اور باہمی تعاون کی عکاس ہے۔





