اگر آپ کے قومی شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے میں ایک یا دو ماہ باقی ہیں تو آپ ابھی اس کی تجدید کروا سکتے ہیں۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو واضح کیا ہے کہ شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے اس کے ایکسپائر ہونے کا انتظار کرنا ضروری نہیں۔ شہری میعاد ختم ہونے سے پہلے بھی نئے کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق شہری اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کسی بھی وقت کروا سکتے ہیں۔ اگر کارڈ کی مدت ختم ہونے میں چند ہفتے یا ایک دو ماہ باقی ہیں تو بھی تجدید کی درخواست دی جاسکتی ہے۔ تجدید کے بعد جاری ہونے والا کارڈ نیا شناختی کارڈ تصور ہوگا اور اس پر نئی تاریخِ تنسیخ درج ہوگی۔
نادرا کی جانب سے شہریوں کو پاک آئی ڈی ایپ میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے حوالے سے بھی اہم ہدایت دی گئی ہے۔ جب شہری کو تجدید کے بعد نیا شناختی کارڈ موصول ہوجائے تو اسے ایپ میں موجود ڈیجیٹل کارڈ بھی اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ایپ میں پرانے کارڈ کی معلومات نظر آسکتی ہیں۔
ڈیجیٹل شناختی کارڈ اپ ڈیٹ کرنے کے لیے شہری سب سے پہلے پاک آئی ڈی ایپ کھولیں۔ اس کے بعد ایپ میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ پر دوبارہ کلک کریں۔ اس عمل کے بعد تازہ ترین شناختی کارڈ نئی تاریخِ تنسیخ کے ساتھ موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ ہوجائے گا۔
ترجمان نادرا نے بتایا کہ ایپ کو ریفریش یا اپ ڈیٹ کرنے سے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی تفصیلات نئے کارڈ کے مطابق تبدیل ہوجائیں گی۔ اس طرح شہری اپنے موبائل فون میں شناختی کارڈ کی تازہ معلومات رکھ سکیں گے۔
شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ نیا شناختی کارڈ ملنے کے بعد پاک آئی ڈی ایپ میں موجود ڈیجیٹل کارڈ کی تفصیلات بھی چیک کرلیں۔ اس سے پرانی معلومات استعمال ہونے سے بچا جاسکتا ہے۔






