احسن اقبال کا لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خاتمے پر مذاکرات کیلئے 23 اکتوبر کو اسلام آباد میں اجلاس طے پا گیا۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان ایک بار پھر رابطہ بحال ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق اہم مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کو ٹیلیفون کیا، جس کے بعد دونوں جماعتوں کی مذاکراتی ٹیموں کا اجلاس طے پا گیا ہے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق حکومتی اور جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کی مذاکراتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس 23 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
مذاکراتی کمیٹیوں کے اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی 23 اکتوبر کو پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں پرامن احتجاج کرے گی، کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ مذاکرات اور احتجاج ساتھ ساتھ چلیں گے اور اگر عوام کو ریلیف ملے گا، تب ہی معاشی پہیہ آگے چلے گا۔






