کوئٹہ میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس نے باقاعدہ کام شروع کر دیا، جس کے ذریعے دور دراز علاقوں کے شہریوں کو ڈیجیٹل نظام کے تحت طبی مشاورت اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
کوئٹہ میں صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بلوچستان میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس نے کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو طبی مشاورت اور معاونت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ٹیلی میڈیسن سروس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ڈیسک پر تعینات طبی ماہرین سے اچانک رابطہ کیا اور ٹیلی میڈیسن سروس کے طریقہ کار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈیسک پر تعینات عملے کی مستعدی اور خدمات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی میڈیسن سروس سے دور دراز علاقوں کے شہریوں کو طبی مشاورت کے لیے طویل سفر اور مشکلات سے نجات ملے گی کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز علاقوں کے عوام کو معیاری طبی مشاورت کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بسنے والے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔






