اسلام آباد (جی ٹی وی نیوز اردو): وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے تمام متعلقہ ملازمین کو 90 روز کے اندر ڈیکلیریشن جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
حکومت کی جانب سے غیر ملکی شہریت سے متعلق پرفارما بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں وزارتوں اور ڈویژنز کو اپنے ماتحت افسران سے متعلق مطلوبہ معلومات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری ہدایات کے تحت سرکاری ملازمین کو اپنی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت کی معلومات بھی ڈیکلیریشن میں شامل کرنا ہوں گی۔
اس کے علاوہ زیرِ کفالت افراد کے پاس موجود سفری دستاویزات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین سے کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی صورت میں اس کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارتوں اور ڈویژنز کے ذریعے ماتحت افسران کی معلومات جمع کی جائیں گی اور ملازمین کو مقررہ 90 روز کی مدت میں مطلوبہ ڈیکلیریشن مکمل کرکے جمع کرانا ہوگا۔






