پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر قومی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ پشاور صوبے کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس نے امن کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق خیبرپختونخوا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے وفاقی تعاون ضروری ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی وضع کرنا مقصد ہے اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے وفاقی تعاون پر مشکور ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایسا ماحول چاہتے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے اور ترقی کے عمل کا حصہ بنے۔
فیصل کریم کنڈی نے عزم ظاہر کیا کہ خیبرپختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنایا جائے گا۔






