اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر اسد قیصر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی کے سنگجانی احتجاج کیس کی سماعت ہوئی۔ جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گرفتاری سے روکتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت 7 نومبر 2026 تک منظور کر لی۔
عدالت نے اس سے قبل عدم پیشی کی بنیاد پر اسد قیصر کی ضمانت منسوخ کی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکوشن کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے اور کیس کی مزید سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں پی ٹی آئی احتجاج کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے عدم پیشی پر ان کے وارنٹ جاری کیے تھے، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس پی ٹی آئی احتجاج کیس کا ٹرائل زیر التوا ہے۔






