کیپ ٹاؤن: آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کی فروخت سے قبل ہی شائقین کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے اور پاک بھارت میچ ٹکٹوں کی طلب کے اعتبار سے سب سے زیادہ مقبول مقابلہ بن گیا ہے۔
جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈکپ کے لیے ٹکٹ بیلٹ شروع ہونے کے تین روز سے بھی کم عرصے میں 10 لاکھ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد شائقین بیلٹ کے لیے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق پاک بھارت میچ کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جو ٹورنامنٹ کے کسی بھی میچ کے لیے سب سے زیادہ تعداد ہے۔
جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے مقابلے کے لیے 86 ہزار سے زیادہ ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 7 نومبر کو شیڈول پری سیڈڈ سپر 7 مرحلے کے پاک بھارت میچ کے لیے بھی تقریباً 78 ہزار درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔
21 نومبر کو کھیلے جانے والے ورلڈکپ فائنل کے لیے بھی شائقین کی دلچسپی نمایاں ہے، جس کے لیے تقریباً 69 ہزار ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے ٹکٹوں کی غیر معمولی طلب کو ورلڈکپ کی عالمی مقبولیت کا اظہار قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق صرف 48 گھنٹوں سے کچھ زیادہ وقت میں 10 لاکھ درخواستوں کا موصول ہونا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کھیلوں سے بڑھ کر مختلف خطوں اور ثقافتوں کو جوڑنے والا عالمی ایونٹ بن چکا ہے۔
2027 کا ورلڈکپ 14 ٹیموں پر مشتمل ہوگا اور اس کا انعقاد جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک ہوگا۔
ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ سینٹرل افریکن ٹائم تک جاری رہے گی۔ شائقین کے لیے بیلٹ میں شامل ہونا مفت ہے اور درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں دی جائیں گی۔
اگر کسی میچ کے لیے دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو کامیاب امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ کامیاب اور ناکام درخواست گزاروں کو رجسٹریشن کے دوران فراہم کردہ ای میل کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔






