ڈبلن: آئرلینڈ کے سابق کرکٹر سمی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ 2024 میں شدید جگر کی خرابی کے دوران ان کی اہلیہ اگم دیپ نے جگر کا ایک حصہ عطیہ کرکے ان کی جان بچائی۔
سمی سنگھ کو آئرلینڈ میں طبیعت خراب ہونے کے بعد بھارت منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے شدید جگر کی خرابی کی تشخیص کی۔ ان کی حالت تیزی سے بگڑ رہی تھی اور فوری طور پر جگر کی پیوند کاری کی ضرورت پیش آئی۔
کرکٹر کے مطابق گڑگاؤں کے میڈیٹا اسپتال پہنچنے تک ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہوچکی تھی اور وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ ڈاکٹروں کو فوری طور پر ڈونر کی ضرورت تھی، ایسے وقت میں ان کی اہلیہ اگم دیپ نے جگر کا ایک حصہ عطیہ کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی۔
سمی سنگھ نے بتایا کہ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ اگر سرجری میں مزید تاخیر ہوتی تو صورتحال جان لیوا ہوسکتی تھی۔ ان کے مطابق جسم میں زہریلے مادوں کے پھیلنے کے باعث دماغ میں خون بہنے کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا تھا، تاہم بروقت ٹرانسپلانٹ نے ان کی زندگی بچالی۔
آئرش کرکٹر نے اپنی صحت کے اس مشکل مرحلے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ سرجری کے بعد کئی دن تک انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ صحت یابی کے مرحلے میں انہوں نے خود کو آئینے میں دیکھا تو اپنی حالت پہچاننا بھی مشکل محسوس ہوا۔
سمی سنگھ نے بعد میں بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس نازک وقت میں انہیں نئی زندگی دی۔ ٹرانسپلانٹ کے بعد وہ صحت یابی کے مرحلے سے گزرے اور اپنی معمول کی زندگی کی جانب واپس آئے۔
سمی سنگھ نے آئرلینڈ کی جانب سے 35 ایک روزہ اور 53 ٹی20 میچز کھیلے جبکہ 2021 اور 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی آئرلینڈ کی نمائندگی کی۔ 2024 میں کامیاب جگر ٹرانسپلانٹ کے بعد طویل صحت یابی کے مرحلے سے گزرنے والے سمی سنگھ نے 2026 میں باقاعدہ طور پر پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔






