واٹس ایپ استعمال کرنے والے ایسے افراد جو کئی سال پرانے اسمارٹ فونز استعمال کررہے ہیں، انہیں مستقبل میں ایپ تک رسائی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے ایسے پرانے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز میں واٹس ایپ لاگ ان کو محدود کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جو کمپنی کی جانب سے مقررہ سافٹ ویئر ضروریات پوری نہیں کرتے۔
صارفین کو اس حوالے سے وارننگ دی جائے گی کہ ان کے فون کا آپریٹنگ سسٹم واٹس ایپ کے لیے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا۔ ایسی صورتحال میں صرف واٹس ایپ کا نیا ورژن انسٹال کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ آپریٹنگ سسٹم کو بھی اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہوگا۔
اگر کسی پرانے فون میں آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت موجود نہ ہو تو صارف کو واٹس ایپ استعمال جاری رکھنے کے لیے نیا فون خریدنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔
نئی وارننگ سامنے آنے کے بعد صارف اسے نظر انداز کرکے واٹس ایپ پر لاگ ان جاری نہیں رکھ سکے گا، تاہم پرانے آپریٹنگ سسٹمز کی مکمل فہرست جن پر یہ پابندی لاگو ہوگی، ابھی واضح نہیں کی گئی۔
واٹس ایپ پہلے ہی اینڈرائیڈ کے بعض پرانے ورژنز کی سپورٹ ختم کرچکا ہے اور اینڈرائیڈ 6 یا اس سے جدید ورژن کی ضرورت مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 30 نومبر 2026 سے آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 15.5 درکار ہوگا۔
اس صورتحال میں ایسے صارفین جن کے فون جدید آپریٹنگ سسٹم کو سپورٹ نہیں کرتے، انہیں مستقبل میں ڈیوائس تبدیل کرنا پڑسکتی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ نئی لاگ ان پابندی تمام متعلقہ پرانے فونز پر ایک ہی وقت میں کب نافذ ہوگی، تاہم صارفین کے لیے بہتر ہے کہ وہ اپنے فون کا آپریٹنگ سسٹم چیک کریں اور دستیاب اپ ڈیٹ انسٹال رکھیں۔






